وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ جن کو خط لکھے جا رہے ہیں انہی کے خلاف پرو پیگنڈا مہم چلاتے ہیں۔
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ خط ملنے سے نہ ڈیل ملی ہے اور نہ ہی ملے گی، جن کو خط لکھے جا رہے ہیں انہی کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلاتے ہیں،پی ٹی آئی کے 50 لوگوں نے لندن میں آرمی چیف کی آمد پر احتجاج کر کے غیر ملکی ایجنسیوں کا ایجنڈا پورا کیا ہے۔
عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ جو جماعت سمندر پار پاکستانیوں کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے ا ن کی کال کو سمندر پار پاکستانیوں نے مسترد کیا، سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز پر بات کیے بغیر آج بھی تحریک فساد کی سیاست نامکمل ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے عمران خان سے ملاقاتوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی، بانی پی ٹی آئی کی فیملی، ان کے وکلا اور پارٹی رہنما معمول کے مطابق ان سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ جیل کو تفریحی پارک سمجھتے ہیں جب دل چاہے جس کا دل چاہے منہ اٹھا کہ پہنچ جائےکوئی ضابطہ نا ہو، جب تحریک فساد کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں بچتا تو مظلومیت کارڈ کھیلنا شروع کردیتی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اب ایک اور مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کا مستقبل آئین کی بالادستی ، آزاد عدلیہ اور صحافت سے وابستہ ہے ، والدہ نے بدلہ لینا نہیں سکھایا ، اسی لئے کہتا ہوں کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔
