کراچی،متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت 61 سالوں سے حکمرانی کی آڑ میں کرپشن کررہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں کہیں پر آئین اور قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی، سندھ حکومت کا ظلم اور نا انصافی کا سلسلہ جاری ہے، سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی میں پہلے ٹرانسپورٹ مافیا ہوتا تھا، اب ڈمپر مافیا گھوم رہا ہے، بے رحمی کے ساتھ کراچی کے شہری ڈمپر مافیا کا شکار ہیں، سازش کے تحت ڈمپر مافیا کو آزادی دی گئی ہے، مقصد ہے کہ شہر میں اشتعال انگیزی ہو، قاتلوں کی گرفتاری کا ذکر ہی نہیں ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے حالات پیدا کیے گئے تھے، آج پھر مہاجر اور پختونوں کو لڑوانے کی سازش کی جا رہی ہے، ایم کیو ایم صبر کرنے کی تلقین نہیں کرتی تو شہر میں آگ لگ چکی ہوتی۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ملک کا نوجوان مایوس ہے تو اس میں عمران خان کا کردارہے۔
جرمنی کے شہر میونخ میں گفتگو کے دوران چیئر پی پی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے ہم نمٹ رہے ہیں، ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کیسے چلانا ہے۔
