یوکرین نے روس کے دارالحکومت ماسکو اور دیگر علاقوں پر 500 سے زائد ڈرونز کے ذریعے بڑا حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ روسی حکام نے اسے گزشتہ ایک سال کے دوران ماسکو پر ہونے والا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔
روسی میڈیا اور حکام کے مطابق حملے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کیے گئے، جن میں ماسکو اور اس کے نواحی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں تین افراد ماسکو جبکہ ایک شخص یوکرین کی سرحد سے متصل شمال مشرقی علاقے میں مارا گیا۔
بھارتی سفارت خانہ نے تصدیق کی ہے کہ ڈرون حملے میں ایک بھارتی شہری ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے “ٹاس” کے مطابق یوکرین نے 500 سے زائد ڈرونز کے ذریعے مختلف روسی علاقوں پر حملے کیے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے 120 سے زائد ڈرونز مار گرائے، جبکہ روسی وزارتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ مجموعی طور پر 556 یوکرینی ڈرونز تباہ کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق حملوں کے باعث رہائشی عمارتوں اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا جبکہ کم از کم 12 افراد زخمی ہوئے۔ بعض زخمی ماسکو کی آئل ریفائنری کے قریب موجود تھے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ریفائنری کی بنیادی تنصیبات محفوظ رہیں۔
روس کا یوکرین پر 24 گھنٹوں میں 948 ڈرونز سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ
دوسری جانب یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے بھی 287 ڈرونز کے ذریعے یوکرین پر حملے کیے، جن میں سے بیشتر کو تباہ کر دیا گیا، تاہم کچھ ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے جس سے 9 افراد زخمی ہوئے۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے یوکرین پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے “دہشت گرد حملہ” قرار دیا اور کہا کہ اس کے پیچھے یورپی یونین کی مالی معاونت شامل ہے۔
