نیو یارک سٹی: امریکا کے سب سے بڑے شہر میں جنگ کے خلاف عوامی ردعمل سامنے آیا، جہاں بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق مین ہیٹن میں ہونے والے اس احتجاج میں شریک افراد نے ایران اور لبنان میں جاری حملوں کے خلاف آواز بلند کی۔ مظاہرین نے خطے میں فوری جنگ بندی اور امن کے قیام پر زور دیا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے چک شومر اور کرسٹن گلیبرینڈ کے دفاتر کے باہر دھرنا دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ امریکا کو جنگی اخراجات کے بجائے صحت اور عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دینی چاہیے۔
مظاہرین نے "جنگ نہیں، صحت کیلئے فنڈنگ” اور "اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کرو” جیسے نعرے لگائے۔ ان کا مؤقف تھا کہ اسلحے کی فراہمی خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 100 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق مظاہرین کی گرفتاری امن و امان برقرار رکھنے کے لیے عمل میں لائی گئی۔
