امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا آئندہ دو سے تین روز میں ایران پر حملہ کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو ایک بڑا دھچکا دینا ضروری ہوچکا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو خطے کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوسکتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران سب سے پہلے اسرائیل کو نشانہ بنائے گا، اس لیے تہران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے پاس جوہری صلاحیت آنے کے بعد صرف یہ سوال باقی رہ جائے گا کہ وہ ہتھیار کب استعمال کرے گا، پہلے منٹ، پہلے گھنٹے یا پہلے دن۔
خلیجی قیادت کی مداخلت پر ایران پر امریکی حملہ مؤخر، ٹرمپ کا انکشاف
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف کارروائی جمعے، ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں بھی کرسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی درخواست پر ایران پر ایک طے شدہ حملہ مؤخر کیا گیا تھا۔
