امریکا نے جنوبی سوڈانی پاسپورٹ ہولڈرز کے تمام ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک میڈیا گفتگو میں کہا کہ اب جنوبی سوڈان کے شہریوں کو امریکا کا نیا ویزا نہیں ملے گا کیونکہ جنوبی سوڈان کی حکومت نے اصولوں کی پاسداری کرنے میں ناکامی دکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی سوڈان کی عبوری حکومت امریکا سے مفاد بٹورنا بند کرے اور اگر امریکا کسی شہری کو بے دخل کرنا چاہے تو متعلقہ ملک کو اپنے شہری کی وطن واپسی کو یقینی بنانا چاہیے، مارکو روبیو نے یہ بھی کہا کہ اگر جنوبی سوڈان مکمل تعاون کرے گا تو امریکا نئی پالیسی کا دوبارہ جائزہ لے گا۔
دوسری جانب سعودی حکومت نے حج سیزن کے پیش نظر پاکستان سمیت 14 ممالک پر عارضی ویزا پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ پابندیاں عمرہ، کاروباری، اور فیملی ویزوں پر لاگو کی گئی ہیں، جن کے جون کے وسط میں ختم ہونے کی توقع ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ ویزے رکھنے والے افراد 13 اپریل تک سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں۔
جن ممالک پر یہ پابندیاں لاگو کی گئی ہیں ان میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس اور یمن شامل ہیں۔