نئی دہلی: بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت موجودہ کپتان سوریا کمار یادیو سے قیادت واپس لیے جانے کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت کسی نئے کھلاڑی کے سپرد کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے شریاس ائیر کو کپتانی کے لیے سب سے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی سلیکشن کمیٹی طویل المدتی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد ایسا کپتان منتخب کرنا ہے جو آئندہ دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک ٹیم کی قیادت سنبھال سکے۔ اس فیصلے سے سوریا کمار یادیو کی کپتانی کے دور کے اختتام کا امکان بڑھ گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سوریا کمار یادیو کی قیادت میں بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم حالیہ کارکردگی اور ان کی بیٹنگ فارم کو تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی پی ایل 2026 میں بھی ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی، جہاں انہوں نے محدود رنز اسکور کیے۔
کپتانی کی دوڑ میں شریاس ائیر کے علاوہ تلک ورما اور ایشان کشن کو بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل کیا جا رہا ہے۔ اگر شریاس ائیر کو قیادت سونپی جاتی ہے تو امکان ہے کہ ان میں سے کسی ایک کھلاڑی کو نائب کپتان بنایا جائے گا۔
سوریا کمار یادیو آئی سی سی کی نظروں میں، کارروائی کا امکان
دوسری جانب نوجوان بیٹر ویبھَو سوریاونشی کی شاندار کارکردگی بھی سلیکٹرز کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ آئی پی ایل 2026 میں انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 776 رنز بنائے اور 237 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سیزن مکمل کیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں، تاکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر آزمایا جا سکے۔
