ویسٹ انڈیز کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے سر گیری سوبرز انتقال کر گئے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں کرکٹ کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب قرار دیا۔ وہ اپنی 90 ویں سالگرہ سے چند روز قبل بارباڈوس میں اپنے گھر پر انتقال کر گئے۔
سر گیری سوبرز کو کرکٹ کی تاریخ کے مکمل آل راؤنڈرز میں نمایاں مقام حاصل تھا۔ انہوں نے 1954 سے 1974 تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرتے ہوئے 93 ٹیسٹ میچ کھیلے، جن میں 8,032 رنز بنائے، 26 سنچریاں اسکور کیں اور 235 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ فیلڈنگ میں بھی ان کی کارکردگی شاندار رہی اور انہوں نے 109 کیچز اپنے نام کیے۔
1958 میں پاکستان کے خلاف ناقابلِ شکست 365 رنز کی تاریخی اننگز نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔ یہ ریکارڈ 36 برس تک قائم رہا، جسے بعد میں برائن لارا نے توڑا۔ سر گیری سوبرز دنیا کے پہلے بلے باز بھی تھے جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے ایک اوور میں مسلسل چھ چھکے لگانے کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سر گیری سوبرز صرف ایک عظیم کھلاڑی ہی نہیں بلکہ لاکھوں نوجوان کرکٹرز کے لیے مشعلِ راہ تھے۔ ان کی خدمات، ریکارڈز اور کھیل سے وابستگی ہمیشہ کرکٹ کی تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔
