گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ رمضان المبارک میں 10لاکھ سے زائد افراد کےلیے افطارڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے اور روزانہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک پلاٹ بھی دیا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں رمضان المبارک پر خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، گورنر ہاؤس میں یہ تیسرا سال ہے جو یہ اہتمام کیا جارہا ہے، گورنر ہاؤس میں جو اسٹیج بنایا ہے وہ پورے پاکستان میں نہیں بنا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ختم القرآن کی تقریب ہوگی، 10لاکھ سے زائد افراد کےلیے افطارڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے، علاوہ ازیں روزانہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک پلاٹ بھی دیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ڈمپرز حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو1،1پلاٹ دوں گا، بلڈر اسی دن اہل خانہ کو فائل حوالے کرے گا، اتحاد رمضان کے تحت افراد اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، گورنر ہاؤس کراچی میں رمضان ٹرانسمیشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔
مصطفیٰ قتل کیس کے حوالے سےکامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس پر سکیورٹی ادارے تحقیقات کررہے ہیں، اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
گورنر سندھ کا ڈمپر حادثا ت سے متعلق یہ کہنا تھا کہ اگر میرے پاس اختیار ہوتا تو دیکھتا کہ ہیوی ٹریفک کیسے شہریوں کو کچلتی ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی دارلحکومت کراچی میں رواں سال کے دوران اب تک 144 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔
