تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کی ٹنل میں چٹان کا حصہ گرگیا، تمام ورکرز محفوظ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے میں کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ کے ذریعے ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔ واقعے کے بعد منصوبے پر کام روک دیا گیا، تاہم تمام پاکستانی اور غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

latest urdu news

ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ٹی فائیو منصوبے میں بند کا ایک حصہ ٹوٹنے کے باعث ٹنل نمبر 5 میں پانی داخل ہو رہا تھا۔ واقعے کے بعد فوری اقدامات کرتے ہوئے منصوبے پر کام کرنے والے تمام پاکستانی اور غیر ملکی کارکنوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

واپڈا نے ٹنل منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کردی

ترجمان واپڈا نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے سے متعلق اطلاعات کو غلط قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق حادثہ کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کے ایک کمزور حصے کے گرنے سے پیش آیا۔

واپڈا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس واقعے کے نتیجے میں منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

منصوبے پر کام روک دیا گیا، افسران صورتحال کا جائزہ لینے لگے

ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد تربیلا کے توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔ واپڈا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارے کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز جائے وقوعہ کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

تربیلا ڈیم کے سپل وے دوبارہ کھول دیے گئے، دریائے سندھ میں طغیانی کا خدشہ

زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے اور متاثرہ حصے کی صورتحال کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔ تمام کارکنوں کو بحفاظت نکالے جانے کے بعد منصوبے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا الرٹ جاری

دوسری جانب دریائے سندھ میں آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور نے دریائے سندھ کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی اپنے مال مویشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرے تاکہ پانی کے بہاؤ میں اضافے کی صورت میں کسی ممکنہ نقصان سے بچا جاسکے۔

انتظامیہ نے دریا کے قریب رہنے والے افراد کو صورتحال پر نظر رکھنے اور جاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں