سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے ملازمین کے لیے یوٹیلیٹی الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی منظوری کے بعد نئے الاؤنسز کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے 6 تک کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 12 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 7 سے 10 تک کے ملازمین کو اب 8 ہزار کے بجائے 16 ہزار روپے یوٹیلیٹی الاؤنس ملے گا۔
اسی طرح گریڈ 11 سے 15 تک کے ملازمین کا الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ گریڈ 16 کے افسران کو 24 ہزار روپے، جبکہ گریڈ 17 کے افسران کو 30 ہزار روپے ماہانہ یوٹیلیٹی الاؤنس دیا جائے گا۔
سپریم کورٹ میں کفایت شعاری پالیسی ختم، معمولات بحال کرنے کا فیصلہ
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 کے افسران کا یوٹیلیٹی الاؤنس 36 ہزار، گریڈ 19 کا 42 ہزار اور گریڈ 20 کے افسران کا الاؤنس 48 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ گریڈ 21 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے یوٹیلیٹی الاؤنس 30 ہزار سے بڑھا کر 60 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ انتظامیہ کے مطابق یوٹیلیٹی الاؤنس میں بجلی اور گیس کے اخراجات شامل ہیں، جبکہ اضافی مالی بوجھ مالی سال 2026-27 کے منظور شدہ بجٹ سے پورا کیا جائے گا۔
