گوجرانوالہ: پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی کارکردگی، جاری ثقافتی و ادبی سرگرمیوں، مستقبل کے منصوبوں اور بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد عرفان نے پارلیمانی سیکرٹری کو ادارے کے انتظامی و مالی امور، ثقافتی سرگرمیوں اور فنون لطیفہ کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ پر زور
دورے کے دوران شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور فنکاروں، ادیبوں، شاعروں اور دیگر ثقافتی حلقوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ثقافتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو فنون لطیفہ سے روشناس کرانا بھی اہم ہے تاکہ نئی نسل اپنے ثقافتی اور ادبی ورثے سے جڑی رہے۔
ادیبوں اور شاعروں سے ملاقات
پارلیمانی سیکرٹری نے دورے کے دوران تنظیم بقائے ثقافت کے نمائندگان اور مختلف شعراء سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، شعر و ادب کی سرپرستی، مقامی فنکاروں اور شعراء کو درپیش مسائل اور ثقافتی ورثے کے تحفظ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد کا آر پی او آفس گوجرانوالہ کا دورہ
شازیہ رضوان نے کہا کہ ادب اور ثقافت معاشرے کی فکری اور تہذیبی شناخت اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔
جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پروگرامز کی ہدایت
شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی جانب سے جاری ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ فنون لطیفہ کے فروغ کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پروگرامز ترتیب دیے جائیں۔
انہوں نے مختلف ثقافتی اور ادبی تنظیموں کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا تاکہ مشترکہ طور پر ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی شاندار ثقافتی روایات اور ادبی ورثہ خطے کی شناخت کا اہم حصہ ہیں، اس لیے ان کے تحفظ اور فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
دورے کے اختتام پر پارلیمانی سیکرٹری نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور ثقافتی سرگرمیوں میں مزید بہتری کے لیے تجاویز اور آئندہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر محمد اعجاز، محمد ادریس ناز، محمد اسرائیل ایڈووکیٹ، مس عرفانہ امر، پروفیسر راحت ثمر اور چوہدری اشرف مجید بھی موجود تھے۔
