صادق آباد: شہر کے علاقے اسلم ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں گرنے سے 16 سالہ ذہنی معذور لڑکی جاں بحق ہوگئی، جس کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق لڑکی ذہنی معذوری کا شکار تھی اور حادثاتی طور پر کھلے مین ہول میں جا گری، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں، لاش کو مین ہول سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد بلدیاتی ادارے کی غفلت پر چیف آفیسر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ بلدیہ اہلکار کو معطل کر دیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
لاہور میں کھلے مین ہول میں گر کر 5 سالہ بچہ جاں بحق، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، مقدمہ درج
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں موجود تمام کھلے مین ہولز کو فوری طور پر ڈھانپا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات کا دوبارہ وقوع نہ ہو۔
