محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں یکم جون سے سمر کیمپس شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ مراسلے میں سمر کیمپس کے لیے باقاعدہ ایس او پیز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ کے مطابق سمر کیمپس 1 جون سے 30 جون تک جاری رہیں گے، جبکہ تدریسی سرگرمیاں ہفتے میں چار روز یعنی پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے 10 بجے کے درمیان منعقد کی جا سکیں گی۔ جمعہ کے روز سمر کیمپس نہیں لگائے جائیں گے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام کلاسوں کے طلبہ کو شرکت کی اجازت ہوگی، تاہم یہ شرکت لازمی نہیں ہوگی اور اس کے لیے والدین کی اجازت ضروری قرار دی گئی ہے۔ نجی اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سمر کیمپس کے نام پر کسی بھی قسم کی اضافی فیس وصول نہ کریں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تمام سرگرمیاں کلاس رومز یا ان ڈور ماحول تک محدود رکھی جائیں گی، جبکہ اسکول انتظامیہ کو ٹھنڈے پانی، صفائی، پنکھوں اور بجلی کے متبادل انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ سمر کیمپس میں طلبہ کے لیے یونیفارم لازمی نہیں ہوگا اور انہیں موسم کے مطابق آرام دہ لباس پہننے کی اجازت ہوگی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
