حکومتِ پنجاب نے نوجوانوں کو روزگار اور سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے آئندہ مالی سال میں الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک ٹیکسیاں بلاسود بنیادوں پر دینے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ اس تجویز کو آئندہ صوبائی بجٹ کا حصہ بنانے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت 50 ہزار الیکٹرک بائیکس اور 5 ہزار الیکٹرک ٹیکسیاں آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی، جبکہ مستحق افراد کو بلا سود فنانسنگ کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ Bilal Akbar Khan کا کہنا ہے کہ ای ٹیکسی اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق رجسٹریشن اور دیگر انتظامی مراحل میں بھی خصوصی سہولیات اور مراعات دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ای ٹیکسی اسکیم: آسان اقساط پر گاڑی کے مالک بننے کا سنہری موقع
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے، جبکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ سے فضائی آلودگی میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسکیم کے لیے درخواست دینے والوں کی اہلیت، شرائط اور طریقہ کار سے متعلق تفصیلات آئندہ بجٹ اور پالیسی دستاویزات میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
