پنجاب بجٹ 2026-27: صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تجویز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کرنے اور متعدد بڑے منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔ صوبائی بجٹ کا حجم 5,850 ارب روپے سے زائد جبکہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 752 ارب روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

latest urdu news

تعلیم کے شعبے میں نمایاں اقدامات

بجٹ میں طلبہ کی فلاح اور تعلیمی معیار بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ پروگرام کے لیے 66 ارب 40 کروڑ روپے جبکہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے لیے 33 ارب 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

سرکاری اسکولوں میں جدید اسٹیم لیبز کے قیام کے لیے 7 ارب 40 کروڑ روپے، اسکول میل پروگرام کے لیے 7 ارب روپے اور تعلیمی اداروں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کالجوں میں آئی ٹی لیبز کے توسیعی منصوبے، جی سی یونیورسٹی لاہور کی بحالی اور نئی جامعات کے قیام کے لیے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں۔

خصوصی بچوں کی تعلیم کے لیے تمام ڈویژنز میں آٹزم اسکولوں کے ذیلی کیمپس قائم کرنے اور اسپیشل ایجوکیشن مراکز کو جدید سہولیات فراہم کرنے کی تجاویز بھی بجٹ کا حصہ ہیں۔

کھیلوں کے فروغ کے لیے بڑے منصوبے

نوجوانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے لاہور میں بین الاقوامی معیار کی مریم نواز اسپورٹس سٹی کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ صوبہ بھر میں ’’کھیلتا پنجاب کارڈ‘‘ متعارف کرانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کی اسکواش اور انڈور گیمز سہولیات قائم کی جائیں گی، جبکہ مختلف شہروں میں نئے اسپورٹس کمپلیکس اور پارکس میں اوپن ایئر جم اور بچوں کے کھیل کے میدان بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ترقیاتی بجٹ کے استعمال میں سست روی، 11 ماہ میں نصف سے کچھ زائد فنڈز خرچ ہو سکے

صحت کے شعبے میں تاریخی سرمایہ کاری

صحت کے شعبے میں متعدد بڑے منصوبوں کے لیے بھاری فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ لاہور میں نواز شریف کینسر انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے 26 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد کی رقم تجویز کی گئی ہے، جو بجٹ کے نمایاں ترین منصوبوں میں شامل ہے۔

گوجرانوالہ میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لیے 6 ارب روپے، مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے قیام اور بحالی کے لیے 15 ارب 45 کروڑ روپے جبکہ شہری علاقوں میں ہیلتھ کلینکس کے لیے 5 ارب 78 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید برآں راولپنڈی میں چلڈرن اسپتال، بہاولپور میں جدید بچوں کے اسپتال، میانوالی میں میڈیکل کالج اور ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر اسپتال کے منصوبے بھی بجٹ تجاویز کا حصہ ہیں۔

عوامی صحت اور طبی سہولیات

پنجاب حکومت نے یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے لیے 11 ارب 11 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں لیبارٹری سہولیات کی بہتری، ڈائیلاسز اور ٹرانسپلانٹ پروگرامز، اور نرسنگ ایجوکیشن کے لیے خصوصی مراکز قائم کرنے کے منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق حکومت کا مقصد تعلیم، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter