اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ہنر مند نوجوان ہی ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
یہ بات انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں انہیں یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں اور ان پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے جامع اور مؤثر حکمت عملی پر مزید تیزی سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف: دفاع اور معیشت کے لیے زیادہ وسائل پیدا کرنا اولین ترجیح
انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کسی بھی مضبوط معیشت کی بنیاد ہوتی ہے، جبکہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان پاکستان کی معاشی، صنعتی اور سماجی ترقی کے ضامن ہیں۔
