پاکستان میں روایتی پاسپورٹ کا خاتمہ؛ اب صرف "ای پاسپورٹ” جاری کرنے کا بڑا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں پاسپورٹ کے حصول کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے روایتی پاسپورٹ کے بجائے اب مکمل طور پر "ای پاسپورٹ” (e-Passport) کے اجراء اور پاسپورٹس کی ہوم ڈلیوری شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اہم فیصلے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے۔

latest urdu news

اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کا ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ بہت جلد ایک ایسا نظام لایا جا رہا ہے جس کے تحت شہریوں کو پاسپورٹ دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے بلکہ ان کی دستاویزات براہِ راست ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ جو شہری "پریمیم سروسز” حاصل کرنا چاہیں گے، انہیں اضافی اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنی ہوگی۔

اجلاس میں مینوئل ادائیگیوں اور کرپشن کا راستہ روکنے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال یکم جولائی سے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم (کیش) لینے کا نظام مکمل طور پر بند کر کے "کیش لیس سسٹم” نافذ کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی آن لائن پاسپورٹ بنوانے کی تمام درخواستوں کو اب جدید "پاک آئی ڈی” (Pak-ID) پلیٹ فارم پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ شہری گھر بیٹھے آسانی سے اپلائی کر سکیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے نظام کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے سے ملک میں پاسپورٹ کے نام پر ہونے والے فراڈ، دھوکے دہی اور جعلسازی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ ہدایت بھی جاری کی کہ تاجر برادری کی سہولت کے لیے "بزنس پاسپورٹ پالیسی” کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ملکی تجارت کو فروغ مل سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter