سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ لاہور میں غیر ملکی خواتین سے متعلق زیرِ تفتیش کیس میں ملوث کسی بھی فرد کو معاف نہیں کیا جائے گا اور قانون اپنی کارروائی بلاامتیاز جاری رکھے گا۔
سرگودھا میں چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی شخص کے خلاف شواہد موجود ہوئے تو اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایت ہے کہ قانون کی بالادستی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔
ملک محمد احمد خان نے کرپشن کو ملک کا ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خاتمے کے لیے مؤثر اور شفاف اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ماضی میں احتساب کے نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کا استعمال آئین اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے اور کسی ایک فرد کو غیر محدود اختیارات حاصل نہیں ہونے چاہییں۔
پنجاب اسمبلی میں کرسچن میرج ایکٹ میں بڑی تبدیلیوں کا بل پیش
سپیکر پنجاب اسمبلی نے "ستھرا پنجاب” پروگرام کو صوبے کی اہم سرمایہ کاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں کمی آئے گی اور باہمی تعاون کے ذریعے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر انہوں نے چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں سے ملاقات بھی کی اور تاجر برادری کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
