متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک نجومی کے مشورے پر لاٹری کا نمبر منتخب کرنے والے بھارتی انجینئر نے 25 ہزار درہم کا انعام جیت لیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 18 لاکھ 81 ہزار روپے بنتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ انجینئر اروندن کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے ہے۔ انہوں نے جنوبی بھارت کے ایک ماہرِ علمِ نجوم کی تجویز پر لاٹری ٹکٹ کا نمبر منتخب کیا، جس کے بعد وہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہوگئے۔
والدہ کے علاج کے اخراجات کے لیے مالی مدد کی تلاش
رپورٹس کے مطابق اروندن کے لیے یہ انعام ایسے وقت میں سامنے آیا جب وہ اپنی والدہ کے طبی اخراجات پورے کرنے کے لیے مالی وسائل تلاش کر رہے تھے۔
اروندن نے اپنے بھائی کے ساتھ مشترکہ طور پر لاٹری ٹکٹ خریدا تھا۔ بعد ازاں انہیں فون کال کے ذریعے انعام جیتنے کی اطلاع دی گئی۔
انجینئر عام طور پر اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر لاٹری میں حصہ لیتے تھے، تاہم اس مرتبہ انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ ٹکٹ خریدنے کا فیصلہ کیا اور نجومی کی رہنمائی میں اس کا نمبر منتخب کیا۔
امریکی شخص نے 20 برس ایک ہی لاٹری نمبر کھیلنے کے بعد لاکھوں ڈالرز جیت لیے
بڑے انعام کا اعلان 3 دسمبر کو ہوگا
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ لاٹری مہم میں نومبر کے لیے ڈھائی کروڑ درہم کا بڑا انعام رکھا گیا ہے، جس کے فاتح کا اعلان 3 دسمبر کو براہِ راست قرعہ اندازی کے دوران کیا جائے گا۔
اس مہم کے تحت ہفتہ وار الیکٹرانک قرعہ اندازیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں شرکاء کو نقد انعامات جیتنے کے اضافی مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
ماخذ: روزنامہ جنگ
