اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کردی، جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق گھر میں موجود ان کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سی ڈی اے نے اس کارروائی کے حوالے سے چار صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا ہے، جس میں مکان کے مالک امان اللہ کے رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔
مکان کے مالک کی شہریت اور شناختی کارڈ سے متعلق اعتراضات
سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق حکومتی اداروں کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں اور ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے۔
حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ امان اللہ کا شناختی کارڈ ان کے والدین کے شناختی کارڈز کی بنیاد پر جاری کیا گیا تھا، تاہم خاندانی ریکارڈ میں تضاد سامنے آنے پر نادرا نے ان کا شناختی کارڈ منسوخ کردیا تھا۔
سی ڈی اے کے مطابق اسپیشل برانچ کی 22 نومبر 2026 کی رپورٹ کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کی گئیں، جبکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 25 نومبر کو اتھارٹی کو اس معاملے سے آگاہ کیا۔
شوکاز نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر کارروائی
سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کو 25 نومبر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور 26 نومبر کو ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی، تاہم وہ مقررہ تاریخ پر پیش نہیں ہوئے۔
مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اتحاد کی خواہش تھی، بیرسٹر گوہر
اتھارٹی نے دستیاب سرکاری ریکارڈ اور نادرا کی تصدیقی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرتے ہوئے سیکٹر جی سکس فور، اسٹریٹ نمبر 83، مکان نمبر 7 کی ملکیت کی تبدیلی فوری طور پر منسوخ کردی۔
غیر ملکی شہریوں کی جائیداد سے متعلق قانونی پابندی کا حوالہ
سی ڈی اے کے حکم نامے میں پاکستان میں غیر ملکی شہریوں کی جانب سے جائیداد حاصل کرنے سے متعلق قانونی پابندی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق کوئی غیر ملکی شہری پیشگی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں زمین یا جائیداد حاصل نہیں کرسکتا۔
دوسری جانب پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ کارروائی کے وقت گھر میں موجود مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا۔
ماخذ: جیو نیوز
