اسلام آباد: محرم الحرام کی تعطیلات کے باعث سرکاری ملازمین کے لیے رواں ہفتہ طویل آرام کا موقع بن سکتا ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر متوقع سرکاری تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کو ملا کر مجموعی طور پر چار دن کی مسلسل چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔
حکومتی شیڈول کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو عام تعطیل متوقع ہے، جبکہ اس سے منسلک ہفتہ اور اتوار کی معمول کی چھٹیاں بھی شامل ہونے سے سرکاری ملازمین کو چار روز تک دفاتر سے دور رہنے کا موقع مل سکتا ہے۔
تعطیلات کے دوران سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور متعدد نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے یا محدود سرگرمیوں کے ساتھ کام کریں گے۔ تاہم ہسپتالوں، ریسکیو سروسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ضروری خدمات سے وابستہ عملہ معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ مسلسل چھٹیوں سے انہیں اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے، سیاحت اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کے لیے بہتر موقع ملے گا۔ کئی خاندانوں نے اس دوران مختصر سفری منصوبے بھی ترتیب دینا شروع کر دیے ہیں۔
پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ،دفعہ 144 نافذ
دوسری جانب محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے پیش نظر ملک بھر میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
