تنخواہ دار طبقے کو ریلیف، معیشت استحکام سے ترقی کی جانب گامزن: محمد اورنگزیب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، مزدوروں اور عام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت اب استحکام کے مرحلے سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے۔

latest urdu news

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے دستیاب مالی وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کم آمدنی والے تنخواہ دار افراد پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا گیا ہے جبکہ مختلف ٹیکس سلیبس میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات رواں سال ساڑھے چار ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے جبکہ نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 262 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق زرعی شعبے کے قرضوں میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے اور بجٹ میں زراعت کے لیے 125 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ زرعی مشینری پر تمام ڈیوٹیز اور ٹیکس ختم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور کم آمدنی والے افراد کے لیے ہاؤسنگ اسکیموں کے فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق نئے بجٹ میں ہاؤسنگ پروگرام کے لیے 71 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ منافع کے لحاظ سے دنیا کی نمایاں مارکیٹ بن چکی ہے: محمد اورنگزیب

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تنخواہ دار طبقے، مزدوروں، تاجروں اور برآمد کنندگان سمیت تمام شعبوں کے لیے فائدہ مند بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ٹیکس کا بوجھ منصفانہ انداز میں تقسیم کرنا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ایف بی آر کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لیے بھرپور کوشش کی گئی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں اور برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter