حکومت نے یکم مئی 2026 کو یومِ مزدور (لیبر ڈے) کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دن کو سرکاری سطح پر منایا جائے گا اور تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیل مزدوروں کی خدمات کے اعتراف اور ان کے حقوق کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے دی گئی ہے۔ اسی سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی یکم مئی کو بینکنگ ہالی ڈے قرار دیا ہے، جس کے باعث تمام بینک بھی بند رہیں گے۔
یومِ مزدور ہر سال دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی محنت کش طبقے کی خدمات کو تسلیم کرنے اور ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی کے لیے منایا جاتا ہے۔ یہ دن مزدوروں کی جدوجہد اور ان کی معاشی و سماجی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اس سال یکم مئی جمعہ کو ہونے کے باعث ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ ملا کر شہریوں اور سرکاری ملازمین کو مسلسل تین دن کی چھٹیاں میسر آئیں گی، جس سے ایک طویل ویک اینڈ بن جائے گا۔
