مریم نواز کا کسان دوست اقدام، “اپنا کھیت اپنا روزگار” اسکیم کا آغاز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کی فلاح کے لیے “اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم” کے آن لائن پورٹل کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس منصوبے کو بے زمین دیہاتی افراد کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

latest urdu news

حکومت کے مطابق اس اسکیم کے تحت تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی زرعی اراضی فراہم کی جائے گی۔ زمینوں کا انتخاب پانی کی دستیابی اور زرخیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کاشتکار بہتر پیداوار حاصل کر سکیں۔

منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 13,812 زرعی لاٹس کے ذریعے 88,780 خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ چولستان کے علاقے میں 16,685 لاٹس کے ذریعے 101,111 خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار ایکڑ سے زائد زمین اس اسکیم میں شامل ہے۔

ہر کامیاب درخواست گزار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی زمین دی جائے گی، جبکہ فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک آبادکاری کے لیے ایک بار کی گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ زمین 10 سال کے لیے دی جائے گی اور اسے صرف زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

پنجاب میں فلاحی اقدام: مریم نواز کی جانب سے مفت ’میت منتقلی سروس‘ کا آغاز

درخواست دہندگان 2 مئی سے 18 مئی تک سرکاری پورٹل پر اپلائی کر سکیں گے، جبکہ یکم جون سے 8 جون تک اپیل کا موقع بھی دیا جائے گا۔ حتمی فہرست 19 جون کو جاری ہوگی اور 30 جون سے زمینوں کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کی شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل کمیٹیاں سال میں دو مرتبہ کاشتکاری کے عمل کا جائزہ لیں گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter