سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 جولائی کو جب ووٹوں کے ڈبے کھلیں گے تو ہر طرف شیر ہی شیر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ترقی، پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خدمت اور ترقی کو ترجیح دی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 13ویں آئینی ترمیم کے ذریعے کشمیری عوام کو مزید حقوق دیے اور آزاد کشمیر کے لیے ایسا ترقیاتی بجٹ فراہم کیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے لیے 100 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا، جس سے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کو فروغ ملے گا۔
مریم اورنگزیب کا بیان: پاکستانی قیادت نے بڑی جنگ ٹال دی
سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ جس طرح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، اسی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جو بھی ووٹ مانگنے آئے، اس سے پوچھیں کہ اس نے اپنے صوبے میں عوام کے لیے کیا خدمات انجام دی ہیں۔
