اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ٹماٹر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں معیاری ٹماٹر 400 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا، جبکہ مختلف مارکیٹوں میں اس کی قیمت 277 سے 400 روپے فی کلو کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو سبزی منڈیوں اور بازاروں کا رخ کرنے والے شہری مہنگے ٹماٹروں کی قیمتیں سن کر حیران رہ گئے۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ سستے نرخوں پر دستیاب ٹماٹر کا معیار بہتر نہیں، جبکہ اچھی کوالٹی کا ٹماٹر 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جس سے روزمرہ کے اخراجات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
سبزی فروشوں کے مطابق سرحدی راستوں پر سپلائی میں رکاوٹ، درآمدی مسائل اور مقامی پیداوار میں کمی کے باعث ٹماٹر کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رسد محدود ہونے کے باعث مارکیٹ میں نرخ نیچے آنے کے امکانات بھی کم ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سب سے زیادہ بوجھ عام آدمی اٹھا رہا ہے، جبکہ گھریلو بجٹ کو سنبھالنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجوہات سامنے آگئیں
واضح رہے کہ کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں 450 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہیں، جہاں ایرانی اور کوئٹہ سے آنے والے ٹماٹر بلند نرخوں پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔
