اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمت میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے، جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکومت نے قیمتوں میں کمی کے ساتھ پیٹرولیم لیوی کے ڈھانچے میں بھی ردوبدل کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے اسے 64 روپے 14 پیسے سے بڑھا کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی 5 روپے فی لیٹر کر دی، پیٹرولیم لیوی میں کمی
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی شرح 77 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ تاہم مٹی کے تیل پر عائد لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔
