لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "میاں صاحب برا نہ منائیں، کشمور ہو یا کشمیر، دونوں علاقوں کے عوام اپنے حقوق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔”
بلاول بھٹو کا یہ بیان نواز شریف کی اس تقریر کے جواب میں سامنے آیا جس میں انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ "کشمیر کو کشمور نہ سمجھنا، یہ میرپور ہے، میرپور خاص نہیں” اور ساتھ ہی بلاول بھٹو سے مخاطب ہو کر کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان نوک جھونک ہونی چاہیے، مگر تلخی یا لڑائی نہیں ہونی چاہیے۔
جوابی بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر، کشمور، میرپور اور میرپور خاص صرف ناموں میں ہی نہیں بلکہ اپنے عوامی مزاج اور حقوق کے تحفظ کے جذبے میں بھی ایک دوسرے سے مماثلت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کے لوگ اپنے حقِ رائے دہی اور عوامی حقوق پر کسی قسم کی سیاسی مداخلت یا قبضہ قبول نہیں کریں گے۔
آزاد کشمیر میں تیر سے شیر کا تاریخی شکار ہوگا، 27 جولائی فیصلہ کن دن ہوگا: بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید دعویٰ کیا کہ ماضی کے انتخابات میں بھی عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا تھا اور آنے والے انتخابات میں بھی ووٹرز اپنا فیصلہ خود کریں گے۔
