اسلام آباد: چیئرمین Bilawal Bhutto Zardari نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کا آئینی اور جمہوری حق پاکستان پیپلزپارٹی کو حاصل ہے، اس لیے وزیراعلیٰ بھی پیپلزپارٹی ہی کا ہوگا۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی گلگت بلتستان میں اپنی حکومت تشکیل دے گی، تاہم سیاسی تعاون اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسلم لیگ (ن) کو گورنر، ڈپٹی اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے دینے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے کی جانے والی کاوشیں قومی فخر کا باعث ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطے کامیاب ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان کسی مثبت معاہدے کی راہ ہموار ہوگی، جس سے خطے میں استحکام کو فروغ ملے گا۔
گلگت بلتستان انتخابات پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے نتائج کے اعلان میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بعض حلقوں میں پارٹی کی نشستیں کم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے واضح فیصلہ دیا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا ن لیگ کو گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا مشورہ
انہوں نے بتایا کہ ایوانِ صدر میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں میں گلگت بلتستان کے سیاسی معاملات، وفاقی بجٹ اور دیگر قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا عمل مکمل کرکے خطے کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔
