راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 5 اگست کو پشاور میں ہونے والے جلسے کے دوران پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، جبکہ امید ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی دیگر جماعتیں بھی اس جلسے میں شریک ہوں گی۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 اگست پارٹی کے لیے ایک اہم دن ہے اور پشاور میں بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جہاں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوچ سمجھ کر بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے مطابق ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا، اس لیے یہ انتخابی عمل عوامی نمائندگی کی حقیقی عکاسی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری اور سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور آزاد و شفاف انتخابات ہی ملک کو آگے لے جا سکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی بحالی حالات میں بہتری کی کنجی ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے نورین نیازی کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقدمات سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ سیاسی ماحول مزید کشیدہ ہوتا ہے۔
عوامی مینڈیٹ کا احترام جمہوریت کی بنیاد ہے، حق حکمرانی ووٹ لینے والوں کو ملنا چاہیے: بیرسٹر گوہر
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ ان کے بقول پی ٹی آئی کسی بھی صورت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی حمایت نہیں کرتی اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
