کوئٹہ،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ یوم پاکستان ہمیں یکجہتی، ایثار اور حب الوطنی کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہماری تاریخ میں عزم، قربانی اور یکجہتی کی علامت ہے،یہ دن ہمیں قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کا عہد کرنے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاست ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، صوبے کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ریاست کا ساتھ دیا ہے، اور سکیورٹی فورسز و عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتہا پسند عناصر اور دہشتگرد گروہوں کے منصوبے ناکام بنا دیں گے۔
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستانی قوم کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے، ہم نے بے شمار قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی۔
