مسلم لیگ نے پاکستان بنایا، اور اب اسے سنوارنے میں مصروف ہے، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

لاہور،وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نے پاکستان کی بنیاد رکھی اور آج اسے ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔

یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ دن ایک نئی سوچ، بلند حوصلے اور جذبے کی علامت ہے۔ 23 مارچ ہمیں دنیا میں ایک ممتاز اور عظیم قوم بننے کا احساس دلاتا ہے، 1940 میں جس خودمختار ریاست کا خواب دیکھا گیا تھا، وہ آج اقوامِ عالم میں ایک درخشاں ستارے کی مانند چمک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ہی نے پاکستان کی تشکیل کی اور وہی آج اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔ قائداعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کو نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی نئی منازل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اللہ کے فضل سے پاکستان آج اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہمیشہ آگے بڑھنے کے لیے بنایا گیا تھا، اور یہ ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔ اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنا کر قوم خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گی، ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کی خدمات بے مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، اور ہمارے شہداء و غازی ہمارے حقیقی ہیروز ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت ملک میں کوئی بھی آزاد نہیں، میڈیا پر قدغنیں ہیں، اور جو بھی آواز اٹھاتا ہے اسے پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں حکومت مخالف جماعتیں متحد ہو رہی ہیں، 23 مارچ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ مینارِ پاکستان پر قراردادِ پاکستان پیش کی گئی تھی، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایک علیحدہ ریاست قائم کی جائے جہاں مسلمان اپنی مرضی کے مطابق آزاد زندگی گزار سکیں، آج افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہ آزادی نظر نہیں آ رہی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter