اسلام آباد ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتہا پسند عناصر اور دہشتگرد گروہوں کے منصوبے ناکام بنا دیں گے۔
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں منعقدہ مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستانی قوم کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے، ہم نے بے شمار قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ قوم اور افواج پاکستان ہمیشہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار رہے ہیں، ہم نے اندرونی اور بیرونی دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا رہا ہے، انتہاپسند عناصر اور دہشتگرد گروہوں کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ عوام اور مسلح افواج متحد ہیں اور ان کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں میں مایوسی پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے، ہمیں اس چیلنج کا بھی سامنا کرنا ہوگا، ہم ایک باہمت قوم ہیں اور مشکلات کا ڈٹ کر سامنا کرتے آئے ہیں، اندرونی و بیرونی رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے، ہماری خارجہ پالیسی امن و استحکام پر مبنی ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کئی جغرافیائی و سیاسی چیلنجز درپیش ہیں، ہمارے مسلح افواج کے جوان بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی سلامتی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، وہ طویل عرصے سے بھارتی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں، ہم ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
