گزشتہ2 روز کے دوران امریکا، سنگاپور، قطر اور ملائیشیا سمیت 14 مختلف ممالک سے مزید 117 پاکستانیوں کو ملک بدر کر دیا گیا۔
امیگریشن حکام کے مطابق سعودی عرب سے بلیک لسٹ، امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی، منشیات، بھیک مانگنے، کفیل کے بغیر کام کرنے، پاسپورٹ گمشدگی، ملازمت سے فرار، معاہدے کی خلاف ورزی اور آئی بی ایم ایس میں نام کی موجودگی جیسے مختلف الزامات پر 54 افراد کو واپس بھیجا گیا۔
ذرائع کے مطابق امریکا سے ایمرجنسی سفری دستاویزات پر ایک، بنگلہ دیش میں بلیک لسٹ ایک، سنگاپور میں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر ایک، بحرین سے ویزا منسوخی کے بعد ایک، تھائی لینڈ میں ورک پرمٹ کے بغیر ملازمت کرنے پر 2 جبکہ ملائیشیا میں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر 3 پاکستانیوں کو ممنوعہ مسافر قرار دے کر وطن واپس بھیج دیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جیل سے رہائی پانے والے، مفرور، چوری، غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور ملازمت کرنے جیسے مختلف الزامات کے تحت 29 افراد کو ملک بدر کیا گیا جبکہ عراق سے ایک شخص کو مفرور قرار دے کر لاڑکانہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
عمان میں آجر کی شکایت اور غیر قانونی طور پر کام کرنے پر 4، قطر میں امیگریشن حکام کی جانب سے انٹری سے انکار، معاہدے کی خلاف ورزی، اور تمباکو فروخت کرنے کے الزام میں 6 جبکہ مراکش میں غیر قانونی قیام پر 4 پاکستانیوں کو ملک بدر کیا گیا۔
مزید برآں، موریطانیہ میں انسانی اسمگلنگ کے لیے پہنچنے والے 2 پاکستانیوں کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔
