شہر اقتدار اسلام آباد میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بحال ہونا شروع ہو گئی ، اس کے علاوہ بند راستے بھی ٹریفک کیلئے کھولنا شروع ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ اندرون شہر تمام رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹا دیئے گئے، مری روڈ اور اطراف کے راستے ٹریفک کیلئے کھول دیئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں مجموعی طور پر ٹریفک بحال کر دی گئی ، کچھ ٹائم تک تمام رکاوٹیں ہٹا کر راستے بھی کھول دیئے جائیں گے۔
فیض آباد اور راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والے دیگر راستے کھولنا اسلام آباد انتظامیہ کے اختیار میں ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کسی کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، کسی شرپسند کو ڈی چوک کے قریب پھٹکنے کی بھی اجازت نہیں ہے، 2018 کی حکومت نے پاکستان کو تنہائی کا شکار کیا، ادھر انہیں یہ پریشانی ہے کہ ملک کہیں ترقی نہ کر جائے، اگر ملک ترقی کر گیا تو ہمارے پلے کیا رہ جائے گا۔
