لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سرگودھا میں 7 سالہ بچی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر بھی عائد ہوتی ہے، تاہم والدین کو بھی چاہیے کہ کم عمر بچوں کو اکیلے باہر نہ بھیجیں۔
پیغامِ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے ایسے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے بچوں، بالخصوص بیٹوں کی اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں، بلکہ سماجی شعور اور اجتماعی ذمہ داری بھی ناگزیر ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، لیکن گھروں کے اندر ہونے والی تربیت میں براہِ راست کردار ادا نہیں کر سکتی۔ ان کے مطابق معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے والدین، اساتذہ، علما اور تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سرگودھا: خاتون کا قتل، شوہر اور دیور نے طبعی موت ظاہر کر کے تدفین کر دی
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جب کسی حادثے میں کوئی بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے تو وہ اسے اپنی ذاتی ذمہ داری سمجھتی ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ گٹروں کے کھلے ڈھکنوں سے ہونے والے حادثات روکنے کے لیے انتظامیہ اقدامات کرتی ہے، مگر بعض اوقات ڈھکن چوری ہو جاتے ہیں، جس سے نئے خطرات جنم لیتے ہیں۔
اپنے خطاب میں مریم نواز نے ملک میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے علما کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم کی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران و امریکا کے درمیان مفاہمت کی کوششوں کو بھی سراہا۔
