اسلام آباد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر سعد بن زبیر کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی باغ، آزاد کشمیر میں شہید میجر سعد بن زبیر کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے والد محمد زبیر خان، والدہ، بھائی اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی اور جوان بیٹے کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے شہید کے والد، والدہ اور بھائی کو حوصلہ دیا اور ان کے صبر و استقامت کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے میجر سعد بن زبیر کی بہادری اور قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید میجر سعد بن زبیر نے عظیم قربانی دے کر شہادت کا بلند مقام حاصل کیا، پوری قوم ان کی بے مثال قربانی پر فخر کرتی ہے، میجر سعد جیسے جری سپوت ملک کا انمول اثاثہ ہیںاور ان کے حوصلہ مند والدین کو دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میجر سعد کے والدین کا حوصلہ اور جذبہ قابل فخر ہے، ہمارا ایمان ہے کہ شہداء ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، اور میجر سعد بن زبیر ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
واضح رہے کہ میجر سعد بن زبیر چند روز قبل ژوب کے علاقے سمبازہ میں شہید ہوئے تھے۔
