گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کے بعد اسرائیلی حراست میں لیے گئے انسانی فلاحی تنظیم Edhi Foundation کے نمائندے سعد ایدھی سمیت دیگر افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد تمام افراد استنبول پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم Ishaq Dar نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں سعد ایدھی کی رہائی ممکن ہوئی۔ انہوں نے ترکیہ کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے تمام افراد کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان انسانی حقوق کے کارکنوں کی حراست اور مبینہ غیر انسانی سلوک کی سخت مذمت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
غزہ جانے والے فلوٹیلا پر کارروائی: اسرائیلی عدالت نے دو کارکنوں کی حراست میں توسیع کر دی
رہائی کے بعد سعد ایدھی نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ انہیں کئی روز تک سخت حالات میں رکھا گیا۔ ان کے مطابق ابتدائی دنوں میں کشتی میں قید رکھا گیا، مناسب آرام اور پانی کی فراہمی بھی محدود تھی، جبکہ بعد میں انہیں اسرائیل منتقل کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دورانِ حراست انہیں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور جسمانی علامات بھی موجود ہیں۔ سعد ایدھی نے کہا کہ استنبول پہنچنے پر پاکستانی قونصلیٹ نے ان کا استقبال کیا۔
