گجرات میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔
گجرات میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکل چوری کی چار وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ کڑیانوالہ کے گاؤں ملکی میں مسجد کے باہر سے نامعلوم چور امام مسجد قاری احسان الحق کی موٹر سائیکل چرا کر فرار ہو گئے۔ گاؤں چوپالہ میں حسان اللہ کے گھر کے اندر سے موٹر سائیکل چوری ہوئی، جبکہ کھاریاں میں شکرگڑھ کے رہائشی جاوید حمید کی اور سرائے عالمگیر کے علاقے ڈھوک ملکا میں راجڑ کلاں کے محمد سعید کی موٹر سائیکل نامعلوم چور لے اُڑے۔
دوسری جانب ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ بھی نہ رک سکا۔ تھانہ منگووال کے علاقے رنسیکے سرگودھا روڈ پر دو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر پک اپ ڈرائیور شان محمد اور اس کے ساتھی سے 30 ہزار روپے نقدی اور دو موبائل فون چھین لیے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ گشت کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔