اسرائیلی میڈیا نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے اہم نکات سامنے لائے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی جانب سے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ قریب ہے اور اس معاہدے پر 3 مراحل میں عمل درآمد ہوگا۔
غیر ملکی رپورٹ کا بتانا ہے کہ ڈیل کے پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کی تجویز ہے جس کے بدلے اسرائیل ہر فوجی خاتون یرغمالی کے بدلے 50 اور باقی یرغمالیوں کے بدلے 30 فلسطینی رہا کرے گا۔
اسرائیلی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ اسرائیلی فوج ڈیل کے پہلے مرحلے میں مصر اور غزہ بارڈر پر قائم گزر گاہ فلاڈیلفی کوریڈور کو بھی خالی کردے گی۔
غیر ملکی رپورٹ کے مطابق جنگ بندی ڈیل کے دوسرے مرحلے کا آغاز سیز فائر شروع ہونے کے 16 دن بعد ہوگا جس میں باقی قیدیوں اور فوجیوں کی رہائی سے متعلق بات ہوگی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تیسرے مرحلے میں طویل مدتی اقدامات پر بات ہوگی جس میں غزہ کی دوبارہ آباد کاری اور نئی حکومت کے قیام سے متعلق بات چیت کی جائیگی۔
دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران مذاکرات کے جاری رہنے کی تصدیق کی اور کہا کہ ہم ایک معاہدے کے قریب ہیں اور سنجیدہ مذاکرات جاری ہیں مگر جب تک جنگ بندی کا اعلان نہیں ہوتا کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا ہے۔