اسلام آباد، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے مائنس نہیں کیا جا سکتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ 2 دن پہلے یہ لگ رہا تھا معاملات سلجھ گئے ہیں، اب کہا جا رہا ہے پی ٹی آئی پر پابندی لگا دیں گے، پی ٹی آئی تو آپ نے پہلے ہی ختم کر دی تھی اب تو صرف عمران خان ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے نفی نہیں کیا جا سکتا، ابھی مذاکرات کے ذریعے سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لانے کی ضرورت ہے، سابق وزیراعظم ایک حقیقت ہیں ان کو تسلیم کر کے آگے چلیں، تحریک انصاف کو سنجیدہ معاملات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔
سابقہ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے حکمت عملی میں سنجیدگی نہیں دکھائی، پہلے بھی بات کررہا تھا تحریک چلانی تھی تو 9 فروری کو چلاتے، آپ نے جے یو آئی، جماعت اسلامی اور جی ڈے اے سے الائنس نہیں بنایا، شہید بینظیر بھٹو حکومت جاتے پہلے ہفتے ہی نوابزادہ نصراللہ کے پاس جاکر الائنس کی بات کرتی تھیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ کا فرض ہے کارکنوں سے مشاورت کے ساتھ چلے، تحریک انصاف اس وقت پاکستان کی نمائندہ جماعت ہے۔