اسلام آباد، قومی ایئرلائن پی آئی اے نے حج 2025ء کے لیے قبل از حج آپریشن کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو 29 اپریل سے یکم جون تک جاری رہے گا۔
اس حج سیزن میں پی آئی اے 280 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو سعودی عرب لے جائے گی۔
حکام کے مطابق، ان پروازوں میں سے 20 ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت، جبکہ 36 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت سفر کریں گے۔
عازمین حج کی سہولت کے لیے پی آئی اے کی جانب سے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے تاکہ آرام دہ اور مربوط سفری سہولیات مہیا کی جا سکیں۔
ادھر بعد از حج آپریشن 12 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گا، پی آئی اے نے واپسی کے سفر کے لیے بھی جامع حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ تمام پروازیں بروقت اور محفوظ طریقے سے مکمل کی جا سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لیے ہر سطح پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔