کراچی، صدر مملکت آصف علی زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ صدر کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور امکان ہے کہ کل یا پرسوں تک انہیں اسپتال سے فارغ کرکے گھر منتقل کر دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر عاصم نے بتایا کہ کورونا وائرس کا کمزور ویرینٹ اب بھی موجود ہے، لیکن اس کے باوجود افواہیں پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی میڈیا سوشل میڈیا پر چلنے والی جھوٹی خبروں کو بنیاد بنا کر پراپیگنڈا کرتا ہے، اس لیے ذمہ داری سے بات چیت ہونی چاہیے۔
ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی صحت کے حوالے سے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی ویڈیوز کے ذریعے گمراہ کن خبریں پھیلائی گئیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی حالت تسلی بخش ہے، انہوں نے بتایا کہ صدر کو بلڈ پریشر اور شوگر کی شکایت ضرور ہے، لیکن ان کی دیکھ بھال کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل موجود ہے۔
ڈاکٹر عاصم نے مزید کہا کہ کورونا ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، لیکن اینٹی وائرس ادویات کی دستیابی کی وجہ سے صورتحال کافی بہتر ہو چکی ہے، سوشل میڈیا پر غیرمصدقہ اطلاعات سے اجتناب برتنا چاہیے، کیونکہ یہ قومی سطح پر غلط فہمیوں کا باعث بنتی ہیں۔