جہلم: محکمہ زراعت کے شعبہ زرعی انجینئرنگ جہلم کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "پنجاب کلین ایئر پروگرام” کے تحت کسانوں کو سپر سیڈر مشینوں کی فراہمی کے لیے شفاف قرعہ اندازی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی حمزہ اظہر کیانی تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جہلم، ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ انجینئر مبشر ریاض، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ احسان الحق، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قرعہ اندازی کا مکمل عمل کسانوں اور زمینداروں کی موجودگی میں انتہائی شفاف، منصفانہ اور کھلے انداز میں مکمل کیا گیا۔ شرکاء نے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ زراعت کی جانب سے اختیار کیے گئے شفاف نظام کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے حکام نے کہا کہ "پنجاب کلین ایئر پروگرام” کے تحت کسانوں کو سپر سیڈر مشینیں 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ فصلوں کی باقیات (مڈھیوں) کو جلانے کے بجائے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے زمین میں شامل کیا جا سکے۔
جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، غیر قانونی مقیم افغان شہری اور ریکارڈ یافتہ ملزمان گرفتار
انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے سے فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ سپر سیڈر ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف ماحول کو آلودگی سے بچانے میں مدد ملے گی بلکہ زمین کی زرخیزی میں اضافہ، پیداواری صلاحیت میں بہتری اور پائیدار زرعی ترقی کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کسان دوست منصوبوں کے ذریعے جدید زرعی مشینری اور ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہی ہے تاکہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے صاف، سرسبز اور خوشحال پنجاب کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔
