جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کرتے ہوئے منشیات فروش، غیر قانونی مقیم افغان شہری اور ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور منشیات فروشوں کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف تھانوں کی حدود میں کیے گئے سرچ آپریشنز کے دوران متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ضلع بھر کے 16 مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیے گئے، جن کے دوران 391 افراد، 171 گھروں اور 12 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی۔
سرچ آپریشن کے دوران تھانہ دینہ اور تھانہ پنڈ دادنخان پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 02 منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 کلو 460 گرام چرس برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لی گئی۔
اسی دوران تھانہ سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری کو گرفتار کر لیا، جبکہ تھانہ سٹی اور تھانہ پنڈ دادنخان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 02 سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کو بھی گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جہلم پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور قانون شکن افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
جہلم پولیس کا کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، 16 ملزمان گرفتار
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کی روک تھام میں معاون ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص ہو جو بغیر قانونی کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
