گجرات: صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور پاکستان مسلم لیگ (پنجاب) کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین سے گجرات کی تاجر برادری کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سابق صدر مسلم بازار گجرات شیخ وقار وحید، شیخ محمد عمر اور دیگر تاجران شامل تھے۔
ملاقات کے دوران چوہدری شافع حسین نے مسلم بازار کے صدر ندیم بٹ اور ان کی کابینہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بازار کی بہتری اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم بازار کے تاجروں نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ کا ساتھ دیا اور جماعت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے تاجروں پر زور دیا کہ بازاروں میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کے باہر کچرا پھینکنے کے بجائے اسے شاپر بیگز میں ڈال کر مقررہ کوڑا دانوں میں تلف کیا جائے کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے اور ایک مہذب معاشرے کی پہچان بھی۔
انہوں نے کہا کہ گجرات کے تاجر ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی آسان کاروبار لون اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے سے پنجاب کے تقریباً 70 فیصد تاجروں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد اسکیم کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت تاجر بینک آف پنجاب کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دے کر بلا سود قرض حاصل کر سکیں گے۔
گجرات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری: چوہدری شافع حسین
اس موقع پر سابق صدر مسلم بازار شیخ وقار وحید نے کہا کہ مسلم بازار میں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور بجلی کی تاروں کے دیرینہ مسائل کے حل پر تاجر برادری چوہدری شافع حسین کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کا اعتماد پاکستان مسلم لیگ اور چوہدری شافع حسین کے ساتھ ہے اور وہ آئندہ بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔
