امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو ایک بار پھر سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں ویٹرنز ڈے کی تقریب کے بعد آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں موجود ایک فوجی اہلکار نے انہیں اور ان کے ساتھ موجود عملے کو خاموشی اور احترام برقرار رکھنے کی سختی سے ہدایت کردی۔ یہ واقعہ ایران جنگ کے معاملے پر مواخذے کی کوشش ناکام ہونے کے صرف ایک روز بعد پیش آیا۔
قبرستان میں تصاویر بنوانے کے دوران فوجی اہلکار کی تنبیہ
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ اپنی اہلیہ جینیفر اور محکمہ دفاع کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں ویٹرنز ڈے کی تقریب میں شریک تھے۔
تقریب کے بعد وزیر دفاع اور ان کے ساتھی نامعلوم فوجی کی یادگار کے سامنے بنی سیڑھیوں پر تصاویر بنوانے لگے۔ تصاویر بنوانے کے بعد گروپ میں سے کسی کے قہقہے کی آواز سنائی دی تو وہاں تعینات امریکی فوج کے ایک اہلکار نے بلند آواز میں ہدایت کی کہ تمام افراد قبرستان میں خاموشی اور احترام کا ماحول برقرار رکھیں۔
اہلکار نے کہا کہ تمام آنے والے افراد ہر وقت خاموشی اور احترام کا مظاہرہ کریں۔ اس موقع پر پیٹ ہیگسیتھ نے پیچھے مڑ کر دیکھا، تاہم وہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔
امریکی فوجی آپریشن نے اسرائیل ایران جنگ روک دی: وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ
پینٹاگون نے فوجی اہلکار کی ہدایت کو درست قرار دے دیا
واقعے کے بعد امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان شان پارنیل نے کہا کہ وزیر دفاع اور پورا محکمہ امریکی فوجی اہلکاروں کی قربانیوں کا ہمیشہ احترام کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک فوجی اہلکار نے یادگاری تقریب کے دوران تمام افراد کو مناسب آداب اور احترام برقرار رکھنے کی درست اور مؤدبانہ یاد دہانی کرائی۔
آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں واقع نامعلوم فوجی کی یادگار امریکا کی اہم ترین جنگی یادگاروں میں شمار ہوتی ہے۔ یہاں پہلی اور دوسری عالمی جنگوں سمیت کوریائی جنگ میں ہلاک ہونے والے نامعلوم امریکی فوجیوں کی آخری آرام گاہ ہے۔ امریکی فوج کا خصوصی دستہ 1948 سے اس یادگار کی چوبیس گھنٹے حفاظت کر رہا ہے۔
A group with Defense Secretary Pete Hegseth was reprimanded by a U.S. Army sentinel at the Tomb of the Unknown Soldier at Arlington National Cemetery on Veterans Day after someone in the group appeared to laugh following a photo.
“All visitors will maintain an atmosphere of silence and respect at all times,” the sentinel said.
“The Secretary and the entire Department have always honored—and will always honor—the sacrifices our military men and women have made to keep America safe,” Chief Pentagon Spokesman Sean Parnell said in a statement. "While commemorating this solemn day, a soldier correctly and respectfully reminded everyone to maintain decorum.”
— CBS News (@CBSNews) November 11, 2026
ایران جنگ پر مواخذے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی
پیٹ ہیگسیتھ کو اس واقعے سے ایک روز قبل ایران جنگ اور دیگر فوجی کارروائیوں کے حوالے سے مواخذے کی کوشش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکن رکن تھامس میسی کی جانب سے پیش کردہ مواخذے کی قرارداد کو 211 کے مقابلے میں 204 ووٹوں سے کمیٹی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں مواخذے کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔
قرارداد میں ایران سمیت دیگر ممالک میں فوجی کارروائیوں سے متعلق وزیر دفاع کے کردار اور اختیارات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
اس طرح مواخذے کی کوشش ناکام ہونے کے اگلے ہی روز قبرستان میں فوجی اہلکار کی جانب سے خاموشی اور احترام کی ہدایت نے پیٹ ہیگسیتھ کو ایک نئی مشکل صورت حال سے دوچار کردیا۔
ماخذ: ایسوسی ایٹڈ پریس، این بی سی نیوز اور دی گارڈین کی رپورٹس کے مطابق۔
