امریکا کے معروف ریکارڈ ہولڈر ڈیوڈ رش نے ایک منفرد کارنامہ انجام دیتے ہوئے 125 ٹی شرٹس پہن کر چھ گھنٹے سے کم وقت میں مکمل میراتھن دوڑ کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش، جو متعدد گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام رکھنے کے لیے مشہور ہیں، نے یہ چیلنج اس وقت قبول کیا جب انہوں نے 2025 میں فیمس آئیڈاہو پوٹیٹو ہاف میراتھن کے دوران 137 ٹی شرٹس پہن کر ہاف میراتھن مکمل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔
ڈیوڈ رش کا کہنا ہے کہ ہاف میراتھن میں کامیابی کے بعد انہیں یقین ہو گیا تھا کہ اگر 13 میل کا فاصلہ اس حالت میں طے کیا جا سکتا ہے تو مکمل میراتھن بھی دوڑی جا سکتی ہے، تاہم عملی طور پر یہ چیلنج ان کی توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اس منفرد ریکارڈ کی تیاری کے لیے کئی ماہ تک اضافی وزن اور متعدد تہوں والے کپڑے پہن کر خصوصی تربیت کی، تاکہ جسم کو اس غیر معمولی دباؤ کا عادی بنایا جا سکے۔
برطانوی باغبان نے دنیا کا سب سے بڑا لہسن اور مٹر اُگا کر دو گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیے
بالآخر 16 مئی 2026 کو منعقد ہونے والی وائے ایم سی اے فیمس آئیڈاہو پوٹیٹو میراتھن میں ڈیوڈ رش نے 125 ٹی شرٹس پہن کر مقررہ وقت یعنی چھ گھنٹے سے کم میں میراتھن مکمل کر لی اور نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی اس کامیابی کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ڈیوڈ رش نے 100 ٹی شرٹس پہن کر میراتھن مکمل کرنے کا سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
