گوجرانوالہ کے علاقے جنڈیالہ باغوالہ میں خالی پلاٹ سے ملنے والی بوری بند لاش کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس نے قتل کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اس کے دوستوں نے ادھار کی رقم واپس مانگنے پر زہر دے کر قتل کیا تھا۔
رقم کی واپسی کے مطالبے پر قتل
سی پی او گوجرانوالہ صہیب اشرف کے مطابق مقتول کو قتل کرنے والے دونوں ملزمان اس کے دوست تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نے ملزمان سے ادھار دی گئی رقم واپس مانگی تھی، جس پر تنازع پیدا ہوا اور ملزمان نے مبینہ طور پر اسے زہر دے دیا۔
قتل کے بعد لاش بوری میں بند کرکے پھینک دی
پولیس کے مطابق مقتول کی موت کے بعد ملزمان نے لاش بوری میں بند کی اور اسے جنڈیالہ باغوالہ کے ایک خالی پلاٹ میں پھینک دیا تھا، جہاں سے بوری بند لاش برآمد ہوئی۔
لاہور: بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر گرفتار
واقعے کی تحقیقات کے بعد پولیس نے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ماخذ: روزنامہ جنگ
